بھوپال،22؍اپریل(ایس او نیوز؍ایجنسی) بھوپال لوک سبھا سیٹ سے انتخابی میدان میں اترے سینئر کانگریس لیڈر دگ وجے سنگھ نے کہا ہے کہ ہندو لوگ کبھی دہشت گرد نہیں ہو سکتے ۔ ایک نیوز چینل کو دئیے اپنے انٹرویو میں کانگریس لیڈر نے کہا کہ دہشت گردی ہندو مذہب کی فطرت ہی نہیں ہے۔
مدھیہ پردیش کے دو بار وزیر اعلیٰ رہے دگ وجے سنگھ نے بی جے پی کے اس الزام کو مسترد کیا ہے کہ انہوں نے ’ ہندو دہشت گردی‘ کا لفظ وضع کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہندو مذہب اور ہندوتو میں بڑا فرق ہے۔
یہ پوچھے جانے پر کہ آپ دہشت گردی پر خاموش کیوں ہیں؟ دگ وجے سنگھ نے جواب دیا کہ ’ ایسا نہیں ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ پہلے میں زیادہ باتیں کرتا تھا۔ نرمدا پریکرما کرتے ہوئے چھ مہینے دس دن کی مدت میں میں نے خود کو بدل لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب میں ضرورت پڑنے پر ہی بولتا ہوں۔